صدر نے سعودی ولی عہد کو اعلیٰ ترین سول اعزاز نشان پاکستان عطا کیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک )صدرِمملکت عارف علوی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشانِ پاکستان‘ عطا کردیا۔

ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور کابینہ ارکان بھی شریک تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانوں کی دھنیں بھی بجائی گئیں۔

وزیراعظم عمران خان، صدرِمملکت عارف علوی اور سعودی علی عہد محمد بن سلمان اسٹیج پر براجمان تھے۔

صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کو ’نشانِ پاکستان‘ عطا کیے جانے کے بعد ظہرانہ دیا گیا۔

اس موقع پر معزز مہمان شہزاد محمد بن سلمان نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور سعودی عرب کی ترقی میں ہنرمند اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔

ولی عہد کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہبی احترام کی بنیاد پر ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات وقت کیساتھ مضبوط ہورہیہیں۔

تقریب سے قبل معزز مہمان وزیراعظم ہاوٴس سے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ صدارتی بگھی میں ایوانِ صدر کے لیے روانہ ہوئے، اس دوران پریذیڈنٹ باڈی گارڈ دستے ان کی حفاظت میں مامور تھے۔

اس رجمنٹ کو بابائے قوم محمد علی جناح کے پہلے حفاظتی دستے کا اعزاز حاصل ہے، یونٹ 1773 کو بنارس میں گورنر جنرل باڈی گارڈز کے نام سے وجود میں آیا۔

ایوانِ صدر پہنچنے پر محمد بن سلمان کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں مرکزی دروازے پر صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ اس دوران وفاقی وزراء بھی موجود تھے۔

Comments are closed.