سنٹرل کنٹریکٹ پر نوجوان کرکٹرز کا حق ہے،ہمیشہ ینگسٹرز کی مدد کی، شعیب ملک

فوٹو : پی سی بی

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے بنگلا دیش کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پر توجہ مرکوز ہوگی، بطور سینئر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا.

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشعیب ملک کا کہنا تھا کہ میں دور کے اہداف پر نظر نہیں رکھتا، ورلڈ کپ کے بارے میں نہیں سوچ رہا بلکہ بنگلہ دیش کے خلاف کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا.

انھوں نے کہا نوجوانوں کو مواقع ملنے سے مستقبل میں بھی نئے بابر اعظم ملیں گے، پاکستان کی جانب سے کھیلنے سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں، میں نے اور محمد حفیظ نے ہمیشہ نوجوان کرکٹرز کی مدد کی، کپتان ہونا ضروری نہیں۔

سابق کپتان شعیب ملک نے کہا کہ قطعی طور پر مایوس نہیں ہوں، اب بھی پاکستان کیلیے پرفارم کرسکتا ہوں، سنٹرل کنٹریکٹ پر نوجوان کرکٹرز کا حق ہے، ان کو طویل عرصہ ملک کی نمائندگی کرنا ہے.

بنگلا دیش سمیت غیر ملکی کرکٹرز پاکستان میں سیکیورٹی کے بارے میں پوچھتے ہیں، بنگلا دیشی کرکٹرز کی اکثریت آنے تیار تھی،  یہاں سیکیورٹی اور شاندار ماحول دیکھ کر دیگر بھی آئندہ آنے کیلیے تیار ہوں گے۔

شعیب ملک نے کہا کہ کسی کی پسند ناپسند کا نہیں اپنی کارکردگی کے بارے میں سوچتا ہوں، بولنگ میں بھی ٹیم کے کام آسکتا ہوں، فٹ رہنے کیلیے ٹریننگ کا سلسلہ کبھی نہیں چھوڑتا، ورلڈ ٹوئنٹی کے قریب جاکر مستقبل کا سوچوں گا.

انھوں نے کہا صرف 5 سنٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کیلیے انتخاب میں کوئی مسئلہ نہیں،  سلیکٹرز نوجوان کرکٹرز کو مواقع دے رہے ہیں تو اچھی بات ہے ۔

Comments are closed.