سعودی ولی عہد آج تاریخی دورے پر پاکستان آہیں گے۔

اسلام آباد(ویب ڈیسک )سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان تاریخی دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق شاہی مہمانوں کو باکس سیکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو 3 لئیرز باکس سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

راولپنڈی نور خان ائیربیس سے وزیراعظم ہاوٴس تک باکس سیکیورٹی مشترکہ طور پر کمانڈ پاک فوج اور شاہی گارڈز کے سپرد ہوگی، فضائی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلند عمارتوں پر اہلکار تعینات ہوں گے۔

جڑواں شہروں کی اہم شاہراہوں پر شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے بڑے بڑے بل بورڈز نصب کردئیے گے ہیں جبکہ وی وی آئی پی روٹ پر پاکستانی اور سعودی پرچم بھی لگادئیے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ایئرپورٹ پراستقبال کرنے کے بعد وزیراعظم ہاوٴس لائیں گے جہاں سعودی ولی عہد کو گارڈ آف آنرپیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم ہاوٴس میں وزیراعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ ملاقات ہوگی اور شام میں دونوں ممالک کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد کو وزیراعظم ہاوٴس میں ہی عمران خان عشائیہ دیں گے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات وزیر اعظم ہاوٴس میں ہی ہوگی۔

صدر عارف علوی 18 فروری کو سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ ایوان صدر کے ظہرانے میں سعودی ولی عہد کا 100 رکنی وفد شریک ہوگا،سعودی ولی عہد ایوان صدر سے ہی واپس ایئرپورٹ روانہ ہوجائیں گے۔

Comments are closed.