سعودی عرب میں نئے سفیر بلال اکبر کی پاکستانیوں سے ملاقات، مسائل سنے


الریاض(شاہ جہاں شیرازی) سعودی عرب میں نئے تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے پاکستانی کیمونٹی کے افراد سے ملاقات کی ہے اور انھیں مسائل حل کرنے اور سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کی یقین دہانی کرائی.

سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں پاکستانی کیمونٹی کی سیاسی سماجی ادبی اور مذہبی شخصیات نے سفیر پاکستان بلال اکبر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا.

اس موقع پر بلال اکبر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مسائل موجود ہیں مگر ان تمام مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی سعودی جیلوں میں ڈھائی سو کے قریب ایسے پاکستانی قیدی موجود ہیں.

ان پاکستانیوں پر بھاری جرمانے عائد ہیں ایسے قیدیوں کی رہائی کے لئے جرمانوں کی ادائیگی کے لئے اقدامات کیے جائیں گے اور ایسے وہ قیدی اسکے علاوہ ورکرز کو درپیش دیگر اہم مسائل کو بھی حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی.

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات مضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر استوار ہیں وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے.

انھوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں مزید تعاون کو بڑھایا جائے گا کیمونٹی ممبران کی جانب سے بھی جہاں سفیر پاکستان کو مختلف مسائل اور تجاویز سے آگاہ کیا گیا وہیں کیمونٹی کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی.

بلال اکبر سعودی عرب میں سفیر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے سے قبل سعودی وزارت خارجہ میں اپنی اسناد سفارت پیش کیں جہاں انھیں سعودی حکام نے مبارکباد بھی دی.

Comments are closed.