سعودی حکومت کا عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے اعلان

فوٹو: فائل

ریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سعودی عرب حکومت نے 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے عمرہ اور زیارت کی اجازت دینے کا اعلان کردیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایاہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی جانب سے عمرہ و زیارت کی ادائیگی کی اجازت کی آرزو اور نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال کے پیش نظر سعودی قیادت نے عمرہ اور زیارت کی مرحلہ وار تدریجی اجازت دی ہے۔

عمرہ مرحلہ وار بحال کیا جائے گا، سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ اور زیارت کی اجازت ہوگی۔ پہلا مرحلہ اتوار 4 اکتوبر 17 صفر 1442ھ سے شروع ہوگا۔

پہلے مرحلے میں اندرون ملک سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ روزانہ چھ ہزارعمرہ زائرین کو مسجد الحرام جانے کا موقع دیا جائے گا۔ اس موقع پر حفظان صحت کی تدابیر کی پابندی کرائی جائے گی۔

دوسرے مرحلے کی شروعات 18 اکتوبر 2020 یکم ربیع الاول 1442ھ سے ہوگی۔ اس کے تحت سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت ہوگی۔ روزانہ 15 ہزارعمرہ زائر اور چالیس ہزار افراد مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے۔ اس موقع پر حفاظتی تدابیر کا اہتمام ہوگا۔

اعلامیہ کے مطابق تیسرے مرحلے کی شروعات یکم نومبر 2020 پندرہ ربیع الاول سے ہوگی۔ اس دوران سعودی شہریوں اور مملکت کے اندر اور باہر سے غیرملکیوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی اجازت دی جائے گی۔

یہ سلسلہ کورونا وبا کے خاتمے یا اس کا خطرہ ختم ہوجانے کے رسمی اعلان تک چلے گا،علاوہ ازیں مسجد نبوی کی گنجائش کے 75 فیصد تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

روزانہ 20 ہزار زائر عمرہ کرسکیں گے اور 60 ہزار کو مسجد الحرام میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کا موقع مہیا ہوگا۔ اسی تناسب سے مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے گی۔

بیرون مملکت سے عمرہ اور زیارت کی اجازت بتدریج دی جائے گی۔ ایسے ملکوں کے باشندوں کو عمرہ اور زیارت کے ویزے جاری کیے جائیں گے جن کی بابت وزارت صحت یہ فیصلہ دے گی کہ وہاں کورونا کی وبا کے حوالے سے صحت کے لیے خطرات ختم ہوگئے ہیں۔

چوتھے مرحلے میں سعودی شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت کے لوگوں کو عمرہ، زیارت اور نمازوں کی سو فیصد اجازت ہو گی۔ یہ اجازت اس وقت دی جائے گی جب متعلقہ حکام وبا کے خطرات ختم ہوجانے کا فیصلہ کرلیں گے۔

وزارت حج و عمرہ ’اعتمرنا‘ ایپ کے ذریعے عمرہ، زیارت اور نماز کے عمل کو منظم کرے گی۔ اس حوالے سے وزارت صحت اور متعلقہ حکام کے مقرر کردہ صحت ضوابط اور پیمانے نافذ کیے جائیں گے۔

سعودی وزارت داخلہ نے عمرہ، نماز اور زیارت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ صحت ضوابط کے تحت ماسک، سماجی فاصلے اور اشیا کو نہ چھونے کا اہتمام کریں۔

اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ تمام عبادتیں صحت خطرات سے پاک ماحول میں انجام دی جائیں۔ جن چار مراحل کا اعلان کیا گیا ہے ان کا مستقل بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ وبا کی تازہ صورتحال کے حوالے سے فیصلوں میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔

Comments are closed.