رمضان المبارک کاچاند دیکھنے آج شام رویت ہلال کمیٹیاں بیٹھیں گی

فوٹو: فائل

کراچی(زمینی حقائق )رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی اور صوبائی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس آج ہوں گے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔ جن میں کمیٹیوں کے فاضل اراکین اور اکابر علماء کے ساتھ محکمہ موسمیات کے نمائندگان بھی شرکت کریں گے۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری خالداعجازمفتی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک 1440 ہجری کاچاند ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب 3 بج کر 46 منٹ پر پیدا ہوچکا ہے، اتوار کی شام پاکستان کے تمام علاقوں میں غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 16 گھنٹے سے کم ہوگی۔

سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق بھی 29 منٹ سے زیادہ نہیں ہوگا جس کی وجہ سے 5 مئی اتوار کو پاکستان کے کسی بھی علاقے میں رمضان المبارک کا چاند دکھائی نہیں دے گا۔

چاند دکھائی دینے کے لیے اس کی کم ازکم عمر 19 گھنٹے  ہونی چاہیے جب کہ سورج اور چاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق بھی کم ازکم  40 منٹ ہونا چاہیے۔ اسی طرح چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔

خالداعجازمفتی کا کہنا ہے کہ 6 مئی سوموار کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام شہروں میں 38 گھنٹوں سے بھی زائد ہوچکی ہوگی، غروبِ شمس و قمر کا درمیانی فرق پشاور، راولپنڈی، اسلام آباد میں 87 منٹ لاہور میں 86 منٹ کوئٹہ میں 87 منٹ جبکہ کراچی میں 86 منٹ ہوگا۔

6 مئی  سوموار کی شام بادل نہ ہوئے تو چاند پاکستان کے تمام علاقوں میں واضح اور تادیر دکھائی دے گا، انہوں نے یہ پیش گوئی بھی کہ ہے کہ پاکستان میں روزے اس بار 29 ہوں گے اور عیدالفطر 5 جون بروز بدھ منائی جائے گی۔

Comments are closed.