راولپنڈی اسلام آباد میں 2 کروڑ کے ماسک ذخیرہ کرنے والے 4 چینی باشندے گرفتار

فوٹو : فائل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد میں 2 کروڑ روپے کے میڈیکل ماسک ذخیرہ کرنے والے 4 چینی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا، ماسک بلیک میں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کئے گئے تھے.

محکمہ صحت اور مقامی انتظامیہ نے جڑواں شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سے کروڑوں روپے مالیت کے میڈیکل ماسک برآمد کئے، مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں.

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی میں محکمہ صحت اور انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ سکس روڈ پر واقع ایک مکان میں مقیم چینی باشندوں نے بڑے پیمانے پر میڈیکل ماسک ذخیرہ کر رکھے ہیں۔

ریکی کے دوران چینی باشندے اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں واقع ایک اور مکان میں پہنچے جہاں محکمہ صحت اور انتظامیہ نے مشترکہ طور پر چھاپہ مارا اور وہاں سے بڑی تعداد میں میڈیکل ماسک برآمد ہوئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر اقبال سنگھیڑا کا کہنا ہے کہ مکان سے ایک لاکھ 95 ہزار ماسک برآمد ہوئے ہیں جن کی مالیت 2 کروڑ روپے ہے۔

ان ماسک کو بلیک میں فروخت کرنے کے لیے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ 4 چینی باشندوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، خدشہ ہے دیگر شہروں میں بھی ماسک ذخیرہ ہوئے ہیں کیونکہ 10 روپے والا ماسک 70 روپے میں بک رہا ہے.

Comments are closed.