ترقی اور کرپشن کا سفر ساتھ نہیں چل سکتا، وزیراعظم

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا۔

آج ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اعجا زحسین شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کرپشن نے نہ صرف ملکی معیشت بلکہ اداروں کو تباہ کیا اور عام آدمی کی زندگی کو بھی متاثر کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن اور ترقی کا سفر ایک ساتھ نہیں چل سکتا، بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کو ایک مشن سمجھ کر پورا کیا جائے، حکومت اس ضمن میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے اوکاڑہ میں نیا پاکستان ہاوٴسنگ اسکیم کا بھی افتتاح کیا، اس موقع پر رینالہ خورد میں وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں پانچ سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں، میاں محمودالرشید کہتے ہیں یہ 50 لاکھ گھر بنانامشکل ہے، اگر مشکل نہ ہوتا تو پچھلی حکومت یہ کام کرچکی ہوتی۔

عمران خان نے کہا کہ معاشرہ کمزور لوگوں کی فکر کرتاہے، ریاست غریبوں کو چھت فراہم کرنیکی ذمہ داری لے اور جب ریاست کمزور طبقے کی ذمے داری لیتی ہے تو اللہ اس کی مدد کرتا ہے۔

انھوں نے کہا مدینے کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی جہاں جانوروں کا بھی خیال رکھا جاتا تھا۔

Comments are closed.