تحریک انصاف میں بڑی جوائننگ کے چرچے، عمران خان بھی پرجوش

لاہو(ویب ڈیسک) لاہور کے مینار پاکستان کے جلسے سے پہلے تحریک انصاف میں کسی بڑی جوائننگ کے چرچے ۔ عمران خان لاہور تو آئے مگر اچانک اندرون لاہور کا دورہ منسوخ کر کے واپس اسلام آباد روانہ ہو گئے۔

کپتان کا کہنا ہے کہ ایک بڑی جوائننگ ہونے والی ہے جس وجہ سے اچانک اسلام آباد جانا پڑا۔عمران خان صبح سویرے لاہور پہنچے اور پارٹی رہنماوٴں سے ملاقاتیں کیں۔

کپتان اندرون لاہور کا دورہ کرنے کے لیے نکلے اور داتا دربار حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین تحریک انصاف کو پروگرام کے مطابق داتا دربار سے بھاٹی گیٹ، شاہ عالم چوک، موچی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ جانا تھا۔

اچانک دورہ منسوخ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک زبردست جوائننگ ہونے والی ہے۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا چودھری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہونے جا رہے ہیں؟ تو عمران خان نے جواب دیا کہ یہ نہیں بتا سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے لاہور کو پارٹی رنگ میں رنگ دیا اب پارٹی سونامی پلس بننے والی ہے۔ ایک سونامی عوام میں اور ایک پارٹی میں آئے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی لاہور جلسہ کے حوالے سے پرجوش نظر آئے۔

Comments are closed.