بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کیلئے ایڈوائزری جاری


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان نے بھی بیرون ملک سے پاکستان آنے والوں کیلئے ایئر ٹریفک 80 فیصد تک کم کرنے کی ہدایت کردی ہے،فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے20 مئی تک نافذ رہیں گی۔

این سی او سی نے ملک میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیشِ نظر بیرون ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔

اس حوالے سے این سی او سی نے وزارت خارجہ، داخلہ، سول ایوی ایشن سمیت تمام صوبائی چیف سیکرٹریزکو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا کہا گیاہے۔

ایڈوائزری کے مطابق فضائی سفر محدود رکھنے کی پابندیاں 4 سے20 مئی تک نافذ رہیں گی، 18 مئی کو موجودہ پابندیوں کے پلان کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان آنے والے مسافروں کو 72گھنٹے قبل پی سی آر منفی ٹیسٹ رپورٹ دکھانا لازم ہوگا اورمسافروں کی پاکستان آمد پر ایئرپورٹ پر دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا۔

این ڈی ایم اے تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پرپی سی آر ٹیسٹ کٹس کی فراہمی یقینی بنانیکی پابند ہوگی،مسافر ٹیسٹ پازیٹو ہونے پر دس دن قرنطینہ کرنے کے پابند ہوں گے۔

مثبٹ رپورٹ پر مسافر کوضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام قرنطینہ بھیجا جائے گا، بیرون ملک سے آنے والے اتمام مسافروں کی فاسٹ ٹریک ایپ میں رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے ۔

، بیرون ملک سے ملک بدرکئے گئے پاکستانی فاسٹ ٹریک ایپ کی رجسٹریشن سے مستثنی ہوں گے، تمام انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر محکمہ صحت عملہ کی 24 گھنٹے موجودگی یقینی بنائے جانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے

Comments are closed.