بھارت نے افغانستان میں ہمیشہ غداروں کی مدد کی، طالبان

فائل فوٹو

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) طالبان رہنما نے افغانستان میں بھارت کے کردار سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے افغانستان میں ہمیشہ منفی کردار ادا کیا اور غداروی کی مدد کی ہے۔

امریکہ کے ساتھ حالیہ مزاکرات کرنے والی ٹیم کے سربراہ شیر محمد عباس استنکزئی نے ایک غیر ملکی نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا افغانستان میں بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے۔

شیر محمد عباس استنکزئی نے کہا کہ افغانستان میں بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے کیوں کہ بھارت نے ہمیشہ افغانستان میں غداروں کی مدد اور حمایت کی ہے تاہم بھارت اگر افغانستان میں مثبت کردار ادا کرے تو افغان طالبان کو ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

شیر عباس استنگزئی جو کہ قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ بھی ہیں کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نئے افغانستان کی تعمیر کے لیے امن مذاکرات میں مثبت کردار ادا کرنا شروع کردے تو طالبان بھی مذاکرات کے لیے تیار ہوجائیں گے۔

طالبان رہنما نے کہا کہ بھارت گزشتہ 40 سال سے افغانستان میں موجود ہے جہاں وہ افغانیوں کے بجائے ایک کرپٹ گروپ کے ساتھ سیاسی، عسکری اور معاشی تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اس سلسلے میں بھارتی قیادت سے ملاقات کی ہے اور امریکا نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ بھارت بھی افغان امن عمل کا حصہ بنے۔

Comments are closed.