بازار حصص کی اونچی چھلانگ، انٹر بینک میں ڈالر بھی3.38روپے سستا


ویب ڈیسک

کراچی : پاکستان میں آج معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے دو اچھی خبریں آئی ہیں ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے آج اتنی اونچی چھلانگ ماری کہ کارو بار روکنا پڑ گیا جب کہ دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 3.38 روپے کم ہوکر 163.50 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں 2 فیصد کمی اور آئی ایم ایف کے 1 ارب 38 کروڑ 60 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی رہی جس کے باعث ٹریڈنگ معطل کرنی پڑی، 100 انڈیکس میں 1544 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 32 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اچانک پالیسی ریٹ میں کمی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا،جمعہ کو جب 10 بجکر 15 منٹ پر کاروباری دن کا آغاز ہوا تو ابتدائی طور پر ایک ہزار پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا

جب صبح 10 بجکر 50 منٹ پر سرکٹ بریکر کے فعال ہونے کے بعد کاروبار کو روکا گیا تو اس وقت انڈیکس 1559 پوائنٹس یا 5 فیصد اضافے سے 32 ہزار 888 پر موجود تھا۔

جب 11 بجکر 55 منٹ پر کاروبار بحال ہوا تو مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی دیکھی گئی اور دن سوا 12 بجے تک انڈیکس 1905 پوائنٹس یعنی 6 فیصد اضافے سے 33 ہزار 234 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔

نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ میں غیرملکی فروخت کے سربراہ محمد فیضان منشی نے میڈیا کو بتایا کہ مرکزی بینک کی جانب سے پالیسی ریٹ میں کمی کے بعد مقامی ایکوٹی میں سال 2009 کے بعد سے سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے گزشتہ روز شرح سود میں 2 فیصد کمی کے ثمرات آج انٹر بینک میں بھی دیکھے گئے جہاں ڈالر کی قیمت 3.38 پیسے کم ہوکر 163.50 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔

یاد رہے کہ 7 اپریل کو ڈالر 167.89 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا تاہم 7 اپریل سے اب تک10دنوں میں ڈالر کی قیمت 4.39 روپے کمی ہوچکی ہے۔

Comments are closed.