ایل او سی پر پاک فوج کا موثر جواب،7بھارتی فوجی ہلاک،19زخمی

راولپنڈی( زمینی حقائق) پاک فوج کا بھارت کی اشتعال انگیزی کا موثر اور منہ توڑ جواب، جوابی کارروائیوں میں 7 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 19 کے زخمی ہو ئے

آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی فوج کی گزشتہ دنوں سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزیوں میں تیزی آ چکی ہے جس کا پاک فوج نے موثر جواب دیتے ہوئے ان کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔

پاک فوج کی جوابی کارروائی سے کئی بھارتی چوکیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جوابی کارروائیوں میں 7 فوجی ہلاک جبکہ 19 زخمی ہو گئے ہیں۔

گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ سے تبادلے کے نتیجے میں تین پاکستانی جوان شہید ہوئے تھے۔ تینوں شہیدوں کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج (منگل)بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر جان بوجھ کر گولہ باری کی،جس سے 18 سال کا نوجوان شہید جبکہ تین خواتین زخمی ہوئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی فوج کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔

Comments are closed.