ایف نائن پارک گروی رکھ کر قرض لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) موٹروے کے بعد اب اسلام آباد کے ایف 9پارک کو بھی گروی رکھ کر قرض لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، 750 ایکڑ پر مشتمل پارک کے عوض 500 ارب کا قرضہ لیا جائے گا.

پہلے موٹر وے کو اور پھرگزشتہ سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گروی رکھ کر500 ارب جبکہ سرکاری بجلی کی کمپنیوں کو گروی رکھ کر 200 ارب قرض لیا جاچکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت کو مالی مشکلات کے باعث بجٹ سپورٹ کیلئے پیسے کی ضرورت ہے، جس کے باعث وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اسلام آباد کے سب سے بڑے پارک ایف 9 کو گروی رکھ کر اجارہ سکوک بانڈ جاری کیا جائے۔

اس مقصد کے حصول کیلئے ڈومیسٹک اینڈ انٹرنیشنل اجارہ سکوک بانڈز کے اجراء کیلئے 3بینکوں کا کنسورشیم مکمل کیا جاچکا ہے سی ڈی اے کے این اوسی جاری ہونے کے بعد وزارت خزانہ نے سمری کابینہ ڈویژن کو بھجوا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں اجارہ سکوک بانڈز کے اجراء کیلئے منظوری لی جائے گی جس میں پارک کو گروی رکھ کر 500 ارب تک قرض حاصل کیا جائے گا۔

بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو گروی رکھ کر500 ارب روپے کا قرض لیا جاچکا ہے،مئی 2020ء میں سرکاری بجلی کی کمپنیوں کو گروی رکھ کر 200 ارب قرض لیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو جولائی سے دسمبر 6 ماہ میں بیرونی قرض اور امداد کی مد میں 5 ارب 68 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ 2 ارب 92 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا قرضہ ادا کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کو 6 ماہ کے دوران 5 ارب 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے بیرونی وسائل حاصل ہوئے جبکہ چین نے سیف ڈیپازٹ کی مد میں ایک ارب ڈالر فراہم کئے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق موجودہ مالی سال 12 ارب 23 کروڑ ڈالر کے تخمینے میں سے اب تک 46 فیصد فنڈز منتقل ہوچکے ہیں، ایک ارب 63 کروڑ ڈالر بجٹ سپورٹ جبکہ 75 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ترقیاتی منصوبوں کیلئے ملے۔

اے ڈی بی نے ایک ارب 12 کروڑ ڈالر جبکہ عالمی بینک نے 74 کروڑ40 لاکھ ڈالر فراہم کردیئے، امریکہ نے 7 کروڑ، فرانس 3 کروڑ 43 لاکھ ڈالر جبکہ چین نے 9 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کا قرض دیا۔

حکومت نے 6 ماہ کے دوران 10 ارب 36 کروڑ ڈالر واجب الادا قرض میں سے 2 ارب 92 کروڑ 40 لاکھ ڈالر واپس کردیئے ہیں۔

Comments are closed.