ایسی خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتے جن پر آئی ایس پی آر بیان جاری کرے

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ
ہم ایسی خفیہ ملاقاتیں نہیں کرتے جس پر آئی ایس پی آر کو بیان جاری کرنا پڑے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ اتحاد کا مطلب ہوتا ہے مشترکہ حکمت عملی لیکن دو رہنما پوری پی ڈی ایم پر اپنا فیصلہ مسلط نہیں کرسکتے۔

نیئر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے استعفوں کی مخالفت کی ہے کیونکہ لانگ مارچ کرتے وقت ایسا کوئی متفقہ فیصلہ نہیں ہوا تھا، یہ آئیڈیا سینیٹ الیکشن کے بعد لانچ کیا گیا.

بیان بازی دوسری طرف بھی جاری ہے اور نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے حکومت کی بی ٹیم بننا بھی چاہا تو عمران خان ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

یاد رہےکہ پی ڈی ایم کی جماعتوں میں استعفوں کے معاملے پر اختلافات کے بعد 26 مارچ سے شروع ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا ہے۔

ادھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے باہمی الزامات سے مزید بچنے کیلئے کارکنان اور عہدیداران کو پی ڈی ایم سے متعلق تلخ بیانات دینے سے روک دیاہے.

Comments are closed.