اسکولوں کے اوقات کار جاری، بغیر ماسک بچہ سکول داخل نہیں ہوسکےگا

راولپنڈی (زمینی حقائق ڈاٹ کام ) 15 ستمبر سےملک بھر میں تعلیمی ادارے کھل رہے ہیں اس مناسبت سے صوبہ پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اسکولوں کے اوقات کار کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیش کے مطابق اسکولوں کے اوقات کار ساڑھے 7 بجے سے 1 بجے تک ہوں گے ۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اسکولوں میں A اور B دو گروپ بنائے گئے ہیں ، اسکول ہفتے میں 6 دن لگیں گے ہر گروپ 3 دن آئے گا ۔

جہاں گروپ A پیر ، بدھ اور جمعے کو اسکول آئیں گے جبکہ گروپ B منگل ، جمعرات اور ہفتے کو اسکول آئیں گے ۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ 23 اور 30 ستمبر کو کھلنے والی جماعتیں بھی اسی شیڈول کے مطابق چلیں گی.

15ستمبر کو نویں سے بارہویں جماعت تک کو کھولنے کی اجازت ہے ۔ یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے کہا تھا کہ 15ستمبر سے اسکول کھلنے کے بعد کوئی ڈبل کلاسز شروع نہیں کی جائیں گی.

متبادل دنوں پر کلاسز ہوں گی اس سلسلے میں اگر کسی کلاس میں 40 بچے ہیں تو ان میں سے 20 ایک دن جائیں گے جبکہ باقی 20 اگلے دن اسکول جائیں گے جبکہ پیر تک نصاب تمام اساتذہ کو پہنچ جائے گا ۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور والدین دونوں اپنا اپنا کردار ادا کریں ، ماسک کپڑے کا بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جسے روز دھوکر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے ، وہ والدین بنائیں کیونکہ یہ ان کی ذمہ داری ہے.

اسکولز کو سینی ٹائز کرنا اور باقی معاملات کو دیکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے وہ ہم کریں گے لیکن ماسک کے بغیر بچے کو اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا کیونکہ ہمارے لیے بچوں ، انے کے والدین اور اساتذہ کی زندگیاں بہت اہمیت کی حامل ہیں.

جن اسکولوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کیا جائے گا انہیں بند کر دیا جائے گا ، پہلے ‏صرف تجویز تھی کہ تمام اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے لیکن اب جہاں کیسز بڑھنے کی اطلاع ہوگی صرف وہاں کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔

Comments are closed.