ہوٹل میں خواتین کی خفیہ کیمروں سے ریکارڈنگ ، ملزم گرفتار

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ہوٹل آنے والی خواتین کی خفیہ کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کرکے بعد میں بلیک میل کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے اسلام ا?باد میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اسلام آباد میں کارروائی کرتے ہوئے خفیہ کیمروں سے وڈیو بنا کرخواتین کو بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا، ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کی شناخت محمد امجد کے نام سے ہوئی ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے حوالے سے جیوکی رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ گرفتار ملزم اسلام آباد میں مقامی ہوٹل کا مالک ہے، ملزم نے ہوٹل کے کمروں میں خفیہ کیمرے لگا رکھے تھے۔

ملزم خواتین کی خفیہ ریکارڈنگ کرکے انہیں بلیک میل کرتا تھا اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں اور پیسوں کا مطالبہ کرتا تھا۔ کارروائی ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پرکی گئی ہے جسے ملزم بلیک میل کررہا تھا اور یہ دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے کسی کو اس بارے میں شکایت کی تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد عمران علی سید نے بتایا کہ ملزم کا ویاڑی میں ”اسکائی ویز“ کے نام سے بھی ایک ہوٹل ہے اور وہاں بھی خفیہ کیمروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مکروہ دھندے میں ملزم اکیلا ہے یا اس کے ساتھ دیگر افراد بھی موجود ہیں اس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

Comments are closed.