پی ایس ایل فائیو کے بقیہ میچز کے شیڈول کااعلان

فوٹو: فائل

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان سپرلیگ فائیو کے کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہونے والے میچز کے شیڈول کا دوبارہ اعلان کردیا گیا ہے، ادھورا ٹورنامنٹ مکمل کرنے کیلئے2نومبر کو میدان پھر سجیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف پاکستان سپر لیگ فائیو (پی ایس ایل،فائیو) 2020 کے کورونا کے سبب ملتوی ہونے والے میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے،کورونا کے سبب ایونٹ کے چار میچز 17 مارچ کو ملتوی کردیے گئے تھے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ایونٹ کے چاروں بقیہ میچز 14، 15 اور 17 نومبرکو لاہور میں کھیلے جائیں گے،چودہ نومبر کو ایونٹ کا کوالیفائر اور ایلمینیٹر ون، ڈبل ہیڈر کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے۔ اس کے اگلے روز ایلمینیٹر ٹو جبکہ فائنل 17 نومبر بروز منگل کو ہوگا۔

بقیہ میچوں کی تاریخوں کو چاروں ٹیموں- ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اورپشاور زلمی، کی مشاورت سے حتمی شکل دی گئی ہے جبکہ میچوں کے آغاز کا وقت بعد میں جاری کیا جائے گا۔

پی ایس ایل فائیو کے بقیہ چاروں میچز کوویڈ 19 پروٹوکولز کے تحت کھیلے جائیں جہاں تمام کھلاڑی، میچ آفیشلز اور متعلقہ اسٹاف بائیو سیکیور ماحول میں رہے گا۔فی الحال چاروں میچز بند دروازوں میں کھیلے جانے کا پلان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اکتوبر میں ہو گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد نہ صرف تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی بلکہ اب ان میچوں کی تیاری کے لیے تمام ٹیموں کے پاس بھی مناسب وقت موجود ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا ہے کہ فی الحال سب سے اہم یہ تھا کہ ٹورنامنٹ میں شریک یہ ٹیمیں ان تاریخوں کو اپنی ڈائری میں درج کرلیں
پی سی بی شروع سے ہی ان چاروں میچوں کے انعقاد کے لیے پرعزم تھا۔

انھوں نے کہا پی سی بی کے خیال میں ایچ بی ایل پی ایس ایل جیسے ایونٹ کا فاتح ضرور سامنے آنا چاہیے ،ہم نے رواں سال کے آغاز میں ایونٹ کے لیے بھرپور جوش و خروش دیکھا اور ہم پرامید ہیں کہ ان بقیہ میچوں سے قبل بھی مداحوں کے لیے تشہیری مہم کا آغاز ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ چاروں میچوں کے انعقاد کااعلان اس بات کی بھی تائید ہے کہ پاکستان کوویڈ 19 کی وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

’دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ کے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز بھی جلد ہورہا ہے جہاں مختلف ایج گروپس، مینز اور ویمنز کرکٹ کے مقابلوں سمیت زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ہوم سیریز بھی کھیلی جائیں گی۔

محمد وسیم نے بتایا کہ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے میچوں کا کامیاب انعقاد آئندہ سال فروری، مارچ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کا شیڈول کچھ اس طرح ہے۔

14نومبربروز ہفتہ: کوالیفائر (ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز)، قذافی اسٹیڈیم لاہور؛ ایلمینیٹر ون (لاہور قلندرز بمقابلہ پشاور زلمی) قذافی اسٹیڈیم لاہور
15 نومبر بروز اتوار: ایلمینیٹر ٹو (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم بمقابلہ ایلمینیٹر ون جیتنے والی ٹیم)، قذافی اسٹیڈیم لاہور 17نومبر بروز منگل: فائنل، قذافی اسٹیڈیم لاہور

Comments are closed.