گیلانی کے تقرر سے پی ڈی ایم کے اتحاد کو دھچکا لگا،احسن اقبال

لاہور : مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ میں بطور اپوزیشن لیڈر تقرری پر مایوسی کا اظہار کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اس اقدام سے پی ڈی ایم کے اتحاد کودھچکا لگا ہے۔

یوسف رضا گیلانی کا نوٹیفکیشن ہونے کے بعد جاتی امرا، لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز کو ملا کر اگر اپوزیشن لیڈر کا عہدہ حاصل کیا جائے تو اس سے پی ڈی ایم کے مقاصد، جدوجہد اور اپوزیشن کے اتحاد کو دھچکا لگا ہے ۔

جن سینیٹرز کی تائید کے ساتھ مطلوبہ نمبر حاصل کیا گیا ہے، پورا اسلام آباد جانتا ہے کہ وہ کس کے کہنے پر ووٹ دیتے ہیں، انھوں نے کہا کہ اس سے تو بہتر تھا پیپلز پارٹی نواز شریف کو اپنی مجبوری بتاتی تووہ انھیں یہ عہدہ دے دیتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایسا نہیں کیا جانا چاہیے تھا، پی ڈی ایم کو اعتماد میں لیے بغیر اس طرح کا اقدام مناسب نہیں ہے اپوزیشن کے متحد ہونے کے تاثر پر بھی سوال اٹھے گا۔

اس موقع پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہم اس معاملے کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں رکھیں گے اور وہاں جو فیصلہ ہو گا وہی پی ڈی ایم کا فیصلہ ہو گاہم باقی باتیں ادھر ہی کریں گے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوری جدوجہد کے حوالے سے مستند جماعتوں نے اصولی بنیاد پر اعظم نذیر تارڑ کی حمایت کا اعلان کیا تھاکیونکہ یہ پی ڈی ایم کی سطح پر فیصلہ ہوا تھا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں دکھ پہنچا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے بھی پی ڈی ایم کی جماعتوں کے اس فیصلے کے خلاف یکطرفہ طور پر فیصلہ کیا ہے تو یہ سوالات ہم پی ڈی ایم کے اگلے اجلاس میں ضرور اٹھائیں گے۔

پیپلز پارٹی جس کے پاس عرضی لیکر پہنچی اسی کا انتخاب چیلنج کیا تھا


پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے معاملے پرایک بار پھر آمنے سامنے آگئیں، یوسف رضا گیلانی نے ایوزیشن لیڈر کیلئے درخواست دی تو احسن اقبال نے کہاجس کو درخواست دی ہے یہ وہی سنجرانی ہے جس انتخاب عدالت میں چیلنج کیاہے۔

پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کیلئے 30 سینیٹرز کے دستخطوں سے درخواست جمع کرائی ہے، دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کا دعویٰ ہے کہ اسے 28 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔

پیپلز پارٹی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو اپوزیشن کے اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہو گئی ہے لہٰذا سید یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف مقرر کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کی درخواست جمع کرانے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ اسی کے پاس عرضی لے کر پہنچ گئے جس کے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کو عدالت میں چیلنج کر رکھا ہے،کچھ مناسب نہیں لگا۔

Comments are closed.