پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید

فوٹو: پی اے ایف

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ حادثے میں پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید ہو گئے ہیں۔

طیارہ کا حادثہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 55 منٹ پر پیش آیا،  یہ طیارہ اس مقام کے قریب گرا ہے جہاں پر 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوا کرتی ہیں۔ یہ جنگل ہے اور اس جگہ زیادہ آبادی نہیں ہے۔

شہید ہونے والے پائلٹ

پاک فضائیہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنگی طیارہ ایف سولہ 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے تیاریوں میں شریک تھا کہ شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔

پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

شہید ہونے والے ونگ کمانڈر نعمان اکرم ایئرفورس کی جانب سے ہونے والے انٹرا سکواڈرن آرمامنٹ کمپیٹیشن 2019 میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے فاتح رہے تھے جس پر انہیں شیرافگن ٹرافی دی گئی تھی۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے ایک جنگی جہاز کو سیکٹر جی سکس کے اوپر سے پرواز کرتے دیکھا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اچانک جہاز کا رخ نیچے کی جانب ہو گیا اور ہمیں لگا کہ یہ معمول کی بات ہے۔  لیکن جہاز دوبارہ اوپر نہیں آیا اور چند سکینڈز بعد اس جگہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دئیے.

Comments are closed.