پاکستان میں کروناوائرس کے مزید 2کیسز سامنے آ گئے، تعداد 4 ہو گئی

فوٹو : پی آئی ڈی

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان میں مزید 2 افراد میں کروناوائرس کی تشخیص ہوئی ہے،اس بات کا انکشاف وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کیا ہے.

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں کروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہوگئی ہے، ایک متاثرہ مریض کا تعلق کراچی اور دوسرے کا وفاق سے ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پہلے متاثرہ مریضوں میں سے ایک بہت جلد ڈسچارج ہونے والے ہیں، پہلا مریض صحتیاب ہوگیا ہے جبکہ دوسرے کا علاج جاری ہے، دونوں مریض روبصحت ہیں، جبکہ نئے رپورٹ ہونے والے کیسز میں دونوں مریضوں کا علاج جاری ہے، امید ہے وہ بھی جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔

انھوں نے کہا پاکستان اور ایران کے درمیان ایئر ٹریفک معطل ہے، زائرین کی واپسی کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ایران سے فلائٹ آپریشن مناسب وقت پر شروع کیا جائے گا، کرونا کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان پر کافی دنوں سے کام ہورہا ہے.

ظفر مرزا نے کہا ہے کہ تفتان پر زائرین کی واپسی کے لیے پلان موجود ہے، ماسک ہر کسی کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، جہاں ماسک کی ضرورت ہو وہاں ماسک استعمال کریں، ماسک کو لے کر لوگ کاروبار کررہے ہیں، افسوس کی بات ہے، ماسک سے متعلق ایڈوائزری کل جاری کی جائے گی.

اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ ایک کیس سندھ اور ایک وفاق میں رپورٹ ہواہے۔

ادھر محکمہ صحت سندھ کی ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں مذکورہ نئے کیسز کی تصدیق صبح 5 بجے ہوئے اور متاثرہ شخص نے حال ہی میں ایران کا دورہ کیا تھا متاثرہ شخص سمیت ان تمام افراد کو اسکریننگ کے لیے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا وزارت صحت کرونا وائرس کے حوالے سے ہر ممکن اقدام کررہی ہے تاہم بہت جلد وائرس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائےگا۔

Comments are closed.