وزیراعظم کا ہزارہ ڈویژن کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کااعلان،ایبٹ آباد فلائی اوور منظور

اسلام آباد (رضوان غلزئی) وزیراعظم عمران خان کا ہزارہ کیلئے بڑے ترقیاتی پیکیج کااعلان، ایبٹ آباد فلائی اوور،سڑک کشادگی اورکاغان و بٹگرام میں سیاحتی مقامات کیلئے سڑکوں کی منظوری۔

وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ ڈویڑن کے سب سے بڑے مسلئے کے حل کی یقین دھانی کراتے ہوئے 11 ارب روپے کی لاگت سے ایبٹ آباد شہر میں فلائی اوور اور مرکزی روڈ کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

بدھ کے روز ہزارہ ڈویڑن سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق ارکان اسمبلی نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ سیاحت کا مرکز ہزارہ ڈویژن بنیادی انفراسٹرکچر سے محروم ہے، ارکان اسمبلی نے وزیراعظم کو ایبٹ آباد، مانسہرہ،ہری پور اور بٹگرام کے مسائل سے آگاہ کیا۔

ایبٹ آباد سے رکن اسمبلی علی جدون نے وزیراعظم کو ایبٹ آباد میں ٹریفک مسائل پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ایبٹ آباد شہر میں فلائی اوور اور مرکزی روڈ کی توسیع کی منظوری دیتے ہوئے ایم این علی جدون کو فوری پی سی ون تیار کروانے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا جون میں پی ایس ڈی پی میں ایبٹ آباد منصوبے کے لیے گیارہ ارب روپے کی رقم مختص کی جائے گی، وزیراعظم نے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں کہا کہ ہر سال گرمیوں اور عید کے موقع پر میں ایبٹ آباد کے ٹریفک مسائل پر ملک بھر سے مجھے شکایات ملتی ہیں۔

سیاحت کے فروغ کے لیے ہزارہ ڈویژن کو تمام سہولیات فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے بٹگرام کے ایم این اے پرنس نواز کی درخواست پر گرد اسٹیشن اور الائی میں سیاحتی مقام تک رسائی کے لیے نئی سڑک بنانے کی بھی منظوری دی۔

وادی کاغان میں سیاحتی مقام منور ویلی کے لیے سڑک کی تعمیر کی کام بھی جلد شروع کرانے کی یقین دھانی کرادی۔ملاقات میں وزیرِ توانائی عمر ایوب خان، پرنس نواز الائے، صالح محمد، علی خان جدون اور عظمی ریاض موجود تھیں۔

وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔ پچھلے تین سالوں میں صوبے میں غربت میں کمی کی وجہ سیاحت کا فروغ ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آئیں۔

صوبوں میں سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ اور خصوصا ویسٹ ٹو انرجی پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے، عمران خان نے کہا صوبوں کے اندر مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں میں تفریق ختم ضروری کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو مستحکم کیا جائے۔

پرونشل فنانس ایوارڈ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی کے لیے مناسب وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

Comments are closed.