وزیراعظم نے تجویز مسترد کردی، پٹرول وڈیزل کی قیمتیں برقرار


اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا خطرہ آئندہ 15دن کیلئے ٹل گیاہے اور حکومت کی جانب سے آئندہ 15 روز کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اوگرا نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 20 روپے 7 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 61 پیسے اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوا رکھی تھے۔

حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری سے مشروط تھا تاہم وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی منظوری نہیں دی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

انھوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اوگرا کی تجویز منظور نہیں کی ہے ۔ اس وضاحت کے بعد قیمتوں میں مجوزہ اضافے کاخطرہ فی الحال ٹل گیاہے۔

واضح رہے وزیراعظم نے اس سے قبل 15 فروری کو بھی اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری کو مسترد کردیا تھا اور اب لگا تار دوسری بار اضافے کی تجویز رد کی گئی ہے۔

Comments are closed.