وزیراعظم اور پاکستانیوں کی بھارتی کورونا متاثرین کیلئے نیک خواہشات


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) بھارت میں کورونا وبا کی گھمبیر صورتحال میں پڑوسی ملک کیلئے پاکستان سے مسلسل ہمدردی اور یکجہتی کے پیغامات چل رہے ہیں وزیراعظم عمران خان نے بھی بھارت میں کورونا کی خطرناک لہر پر بھارتی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ کورونا کی خطرناک لہر سے مقابلہ کرنے والے بھارتی شہریوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پڑوس اور دنیا بھر میں جولوگ وبا سے نبردآزما ہیں ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں،وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں انسانیت کو درکار اس عالمی چیلنج کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

اسی طرح وزیراعظم کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت پاکستان بھر سے بھارتی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت کو 50 ایمبولنس اور رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی تھی پاکستان میں ہیش ٹیگ PakistanStandWithIndia# ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر سے کورونا کے جلد مکمل خاتمے کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں ، دوسری طرف بھارتی شہریوں نے بھی پاکستانیوں کی نیک خواہشات کا خیرمقدم رہے ہیں۔

Comments are closed.