لیبیا کے وزیراعظم فائز سراج کا مستعفی ہونے کا اعلان

فوٹو:فائل

طرابلس(نیٹ نیوز)لیبیا کے وزیراعظم فائز سراج نے آئندہ ماہ اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔

عالمی خبررساں اداروں کے مطابق انہوں نے سرکاری ٹیلی وژن پر ایک بیان میں کہا کہ وہ آئندہ ماہ کے آخر تک اپنے عہدے سے دست بردار ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں بحران کے فریقین کے درمیان مشاورت اور ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا۔ اس کا مقصد پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے اجرا سے قبل اداروں کو یکجا کرنا ہے۔

سراج نے مذاکراتی کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ نئی اتھارٹی تشکیل دینے میں جلدی کرے، تا کہ اقتدار کی پُرامن اور آسان منتقلی اور ملک کو بحران سے باہر لانے کو یقینی بنایا جا سکے۔

فائز سراج نے مزید کہا کہ وہ نئے وزیر اعظم کو اقتدار حوالے کرنے تک اقتدار میں رہیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی کمیٹی اکتوبر کے اختتام سے قبل اپنا مشن پورا کر لے گی۔

اس کے ساتھ ساتھ لیبیا میں جاری خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے متحارب گروہوں کے مابین بات چیت جاری ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں حریف گروہوں نے اگلے 18ماہ کے اندر اندر ملک میں انتخابات کرانے اور ایک نئی حکومت کی تشکیل پر اتفاق کیا تھا۔

Comments are closed.