فوج پر تنقید کرنے پر 2سال قید اور5لاکھ روپے جرمانہ

فوٹو: سکرین گریب

اسلام آباد( ویب ڈیسک ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے کرمنل لا ترمیمی بل منظور کرلیا ہے جس کے تحت مسلح افواج پر تنقید کرنے والوں کو 2 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک کا جرمانہ ہو سکے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے کی گئی تنقیدکے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہوگی اورقانون کی مخالفت کرنے والے کے خلاف سول عدالت میں کیس چلایا جاسکے گا۔

قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی طرف سے کرمنل لا ترمیمی بل منظور ی کے وقت مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی ، وزارت قانون نے بل کی مخالفت جبکہ وزارت داخلہ نے حمایت کی۔

رپورٹس کے مطابق اجلاس میں ووٹنگ کرانے پر پانچ پانچ ووٹ برابر ہوئے تو چیئرمین کمیٹی خرم نواز نے حکومتی رکن امجد علی خان کے مجوزہ بل کے حق میں ووٹ ڈال دیا اور بل کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن کی مریم اورنگ زیب کا موقف تھا کہ پرائیویٹ ممبر کو چاہیے کہ وہ آرٹیکل 19 پڑھ لیں، ہتک عزت اور آزادی اظہار کا قانون موجود ہے۔

اجلاس میںآ غا رفیع لله نے یہ موقف اپنایا کہ یہ قانون سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہوگا، اداروں پر نیک نیتی سے کی گئی تنقید بھی اس قانون کے دائرے میں آئے گی۔

Comments are closed.