شہباز شریف کی کراچی میں آصف زرداری سے ملاقات

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں کراچی کی صورتحال میں اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ن لیگ کے رہنماؤں نے پارلیمان میں موجود تمام ہم خیال جماعتوں کےساتھ رابطے کرنے کی بھی تجویز دی ۔ اس موقعے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سےاے پی سی کی تاریخ کا اعلان کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔

بلاول ہاؤس آمد پر آصف علی زرداری نے شہباز شریف اور ان کے ہمراہ آنے والے لیگی وفد کا استقبال کیا، اس ملاقات کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے میڈیا بریفنگ میں ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔

نوید قمر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف مرہم رکھنے کراچی آئے، بارشوں کے بعد صورتحال مشکل ہے، اس وقت میں ساتھ دینے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ وقت ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کا نہیں ہے۔ سب کو اکھٹے بٹھانے کا قدم وزیراعظم کو خود اٹھانا چاہیے تھا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کے مشکور ہیں۔ ہم اظہار یکجہتی کیلئے کراچی آئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بارشوں کے بعد صورتحال خراب ہے۔ وفاق، صوبائی حکومت کیساتھ مل کر خطیر امدادی پیکج کا اعلان کرے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت عوام کیلئے عذاب بن چکی ہے۔ ملک میں انتشار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے تمام آپشنز زیر غور لائیں گے۔

پی پی کے وفد میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور پی پی پی سندھ کے صدر نثار، فرحت اللہ بابر، نوید قمر، وقار مہدی اور عاجز دھامرا بھی شامل تھے جب کہ شہباز شریف کے ہمراہ مسلم لیگ ن کے وفد میں مریم اورنگزیب، احسن اقبال، زبیر احمد، رانا مشہود اور شاہ محمد شاہ شریک ملاقات میں شریک ہوئے۔

Comments are closed.