شمالی وزیرستان، 3 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 3 کمانڈرز سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آرکی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقوں بویا اور دوسلی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے ، ہلاک دہشت گردوں میں 3 دہشت گرد کمانڈرز بھی شامل ہیں۔

ہلاک دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر کا تعلق ٹی ٹی پی طوفان گروپ سے تھا، ہلاک دہشت گرد کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق ٹی ٹی پی طارق گروپ سے تھا جبکہ ہلاک دہشت گرد خالق شادین عرف ریحان کا تعلق ٹی ٹی پی صادق نور گروپ سے تھا۔

اعلامیہ کے مطابق دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے، ہلاک دہشت گرد 2009 سے آئی ای ڈی حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے.

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں دہشت گردوں کی بھرتیوں میں بھی ملوث تھے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

Comments are closed.