خواتین 40 سال کے بعد تعلقات استوار کرنے سے نہیں گھبراتیں

فوٹو: ودیا بالن انسٹاگرام

لاہور : بھارتی اداکارہ ودیا بالن کہتی ہیں یہ بات سچ ہے کہ خواتین 40 سال کے بعد مردوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے سے نہیں گھبراتی ہیں۔

بالی وڈ اداکارہ ودیا بالن نےفلم فیئر سے خصوصی بات کرتے ہوئے پہلی بار خواتین کی جانب سے محبت کرنے، جنس مخالف سے تعلقات استوار کرنے اور خواتین کی جانب سے ادھیڑ عمری میں پرکشش دکھائی دینے جیسے موضوعات پر کھل کر بات کی۔

پدما شری، نیشنل اور فلم فیئر ایواڈز سمیت دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والی ودیا بالن نے 1995 میں پہلی بار ایک فلم میں مختصر کردار ادا کیا تھا، تاہم انہوں نے اداکاری کی باقاعدہ شروعات 2003 میں بنگالی فلم سے کی۔

2003 سے کیریئر کا آغاز کرنے اور ڈرٹی پکچر، تمہاری سلو اور کہانی جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والی 40 سالہ اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ خواتین نوجوانی سے زیادہ ادھیڑ عمری میں پرکشش اور بے خوف دکھائی دیتی ہیں۔

ودیا بالن کا موقف تھا کہ دراصل بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ خواتین میں جہاں اعتماد آتا ہے، وہیں ان سے خوف بھی ختم ہوتا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر خواتین خود کو 40 سال کی عمر کے بعد بااعتماد، پرسکون اور پرکشش سمجھتی ہیں اور اسی عمر میں ہی خواتین تعلقات استوار کرنے سے بھی نہیں گھبراتیں۔

پہلے موقف سے خود ہی ہٹتے ہوئے ودیا بالن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچھ خواتین کا مسئلہ یہ ہےکہ وہ بڑھتی عمر سے خوف کھاتی ہیں اور وہ محبت کرنے سے کترانے لگتی ہیں۔

ودیا بالن نے کہا کہ مجھے کسی دوست نے بتایا کہ خواتین سے 35 سال کی عمر کے بعد ہی مذاق کرنے یا ان سے تعلقات استوار کرنے میں مزہ آتا ہےتاہم اداکارہ کا ماننا ہے کہ 35 نہیں 40 سال کا ہونا اچھا ہے۔

اداکارہ کے مطابق خواتین 40 سال کی عمر کو پہنچتے ہی بااعتماد ہوجاتی ہیں اور انہیں تعلقات استوار کرنے میں بھی کوئی دشواری نہیں ہوتی۔

خود ودیا بالن کا شمار بولی وڈ کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو ادھیڑ عمری میں بھی پرکشش دکھائی دیتی ہیں۔ودیا بالن کہتی ہیں میں سمجھتی ہوں کہ میرےبڑھے ہوئے وزن میں ہی میری خوبصورتی ہے۔

ودیا 40 کے قریب فلموں میں کام کر چکی ہیں، ان کی کامیاب فلموں میں ’لگے رہو منا بھائی، گرو، ہے بے بی، بھول بھلیاں، ہلا بول، نو ون کلڈ جیسیکا، ڈرٹی پکچر، کہانی، گھن چکر، شادی کے سائیڈ افیکٹس، بوبی جاسوس، بیگم جان اور تمہاری سلو‘ شامل ہیں۔

Comments are closed.