جوتے مانگ کر ٹرائل دینے والا شاہنواز ملتان سلطانز تک کیسے پہنچا؟


کراچی (سپورٹس ڈیسک)دوست سے شوز مانگ کر انڈر 19کے ٹرائل دینے والے دراز قد ملتان سلطانز کے ایمرجنگ نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی نے اپنی برق رفتار باولنگ سے دھاک بٹھا دی۔

شاہنواز دھانی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں اپنی غربت کو چھپانے کی بجائے اپنی طاقت بناتے ہوئے کہا کہ میں نے جب ٹرائل دیئے تھے تب تک میں ہارڈ بال سے کبھی کھیلا بھی نہیں تھا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں ملتان سطانز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان فاسٹ باؤلر شاہنواز دھانی نے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ کرکٹ کے ٹرائل دینے کے لیے گئے تو ان کے پاس جرابیں اور جوتے بھی نہیں تھے۔

انہوں نے اپنے دوست سے لے کر انڈر 19 کے ٹرائل دیئے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہنواز دھانی کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی خواہش تھی کہ وہ پڑھ لکھ کر سرکاری افسر بنیں۔

انہوں نے بتایا کہ گھر میں ٹی وی دیکھنے کی بھی اجازت بھی نہیں تھی کیونکہ والد کو لگتا تھا کہ ہم پڑھائی چھوڑ کر ٹی وی دیکھنے بیٹھ جائیں گے۔

سندھ کے شہر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے شاہنواز دھانی کا کہنا تھا کہ انہیں کرکٹ کھیلنے کا بہت شوق تھا اور اسی لیے وہ چھپ کر کرکٹ کھیلتے رہتے تھے، ایک دن لاڑکانہ ریجنل کرکٹ کے ایک عہدیدار ان کے گاؤں آئے اور انہوں نے میری باؤلنگ دیکھی تو مجھے لاڑکانہ انڈر 19 کے ٹرائلز میں آنے کی دعوت دی۔

شاہنواز دھانی نے کہا ٹرائلز کے دن تک میں نے ہارڈ بال سے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی تھی لیکن ٹرائلز میں کامیابی کے بعد انٹرڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کھیلا، خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے قائداعظم ٹرافی میں سندھ کی فرسٹ الیون سے کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

اب ملتان سلطانز نے مجھے پی ایس ایل 6 میں ایمرجنگ کیٹگری میں شامل کیا ہے، ملتان سلطانز میں نہ صرف رفتار بلکہ ذہانت سے لائن لینتھ کے ساتھ بال کرنے پر بھی انھوں نے سینئرز کو متاثر کیا۔

Comments are closed.