امریکی سفارتکار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

فوٹو: جیونیوز سکرین گریب

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی پولیس نے امریکی فوجی اتاشی کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا۔

ؓؓ اس حوالے سے جیو نیوز نے ذرائع سے رپورٹ دی ہے کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتکار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے شخص کا مقدمہ جب تک مکمل نہیں ہوجاتا اس وقت تک کرنل جوزف کو ملک چھوڑنے نہ دیا جائے۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ملک سے باہر جانے والے ہیں اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے’۔

7 اپریل کی سہہ پہر تین بجے امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق بیگ نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔

ذرائع کے مطابق وقوعہ کے روز غیرملکی ایئرلائن کی پرواز پر کرنل جوزف کی بکنگ تھی اور اسلام آباد پولیس نے بھی ایف آئی اے کو اس حوالے سے خط لکھ دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ٹیم 7 اپریل کو ایئرپورٹ پہنچی لیکن کرنل جوزف بکنگ کے باوجود ایئرپورٹ نہیں آئے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے وزارت داخلہ کو وقوعہ سے متعلق رپورٹ ارسال کی تھی جس میں موقع پر موجود ٹریفک سارجنٹ کا بیان تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی نے سگنل کی خلاف ورزی کی اور  ٹریفک سارجنٹ نے بتایا کہ حادثے کے بعد پولیس کو ملزم کا میڈیکل کرانے کا مشورہ دیا گیا جب کہ ایس ایچ او تھانا کوہسار نے سفارت کار کے استثنیٰ کا جواز پیش کیا اور اسے اپنی صوابدید پر جانے کی اجازت دی۔

Comments are closed.