نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا

آکلینڈ:نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی کی برتری حاصل کر لی ہے.

آکلینڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی طرف سے ہدف کے تعاقب میں مارٹن گپٹل اور وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم سیفرٹ نے اننگز کا آغاز کیا.

گپٹل 6 رنز بنانے کے بعد شاہین آفریدی کا شکار بن گئے جس کے بعد ڈیون کونوے بیٹنگ کیلیے آئے لیکن حارث رؤف نے انہیں بھی 5 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

گلین فلپس اور ٹم سیفرٹ کے درمیان اچھی شراکت قائم ہوئی، فلپس 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم سیفرٹ کریز پر ڈٹے رہے اور مارک چیپمین کیساتھ ایک اور اچھی شراکت قائم کی.

مارک چیپمین 34 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ سیفرٹ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، وہ 57 رنز بناکر شاہین شاہ کی دوسری وکٹ بنے۔

قومی ٹیم کی جانب سے حارث رؤف نے 3 اور شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سینئر کے کوٹے کھیلنے والے وہاب ریاض ایک بار پھر ٹیم پربوجھ ثابت ہوئے اور 4 اوورز میں بغیر وکٹ لئے 43 رنز دئیے ۔

اس سے قبل ٹاس قومی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بابراعظم کی غیر موجودگی میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا۔

شاداب خان 42 ، فہیم اشرف 31، عماد وسیم 19 اور محمد رضوان 17 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پروفیسر حفیظ اور حیدر علی ناکام رہے۔

عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، عبداللہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے اور محمد رضوان 17 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے.

تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ نے بھی کھاتہ کھولنے کی زحمت نہیں کی جب کہ حیدر علی بھی صرف 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

خوشدل شاہ نے کپتان شاداب خان کا ساتھ دیتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا مگر خوشدل شاہ بھی 16 رنز پر ہمت ہار گئے۔ 39 رنز پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹ گئی.

کپتان شاداب خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے عماد اور پھر فہیم اشرف کے ساتھ اچھی شراکت قائم کی۔عماد وسیم 19 اور وہاب ریاض 9 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے.

کپتان شاداب خان 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے جب کہ فہیم اشرف نے 17 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے جیکب ڈفی نے 4، اسکاٹ کوگلین نے 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ آئش سودی کے حصے میں آئی۔

قومی ٹیم کی قیادت شاداب خان کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عبداللہ شفیق، حیدر علی، محمد حفیظ، خوشدل شاہ، ، عماد وسیم، فہیم اشرف، وہاب ریاض، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی قیادت کین ولیمسن کی غیر موجودگی میں مچل سینٹر کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں مارٹن گپٹل، ٹم سیفرٹ، ڈیون کونوے، گلین فلپس، جیمز نیشام، مارک چیپمین، اسکاٹ کوگلین، آئش سودی، جیکب ڈفی، اور بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔

Comments are closed.