الیکشن کمیشن کا صدر مملکت کو خط ، پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے پر اعتماد میں لیا

45 / 100

فائل:فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا، جس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے پر اعتماد میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے خط میں صدر مملکت کو پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کی وجوہات سے آگاہ کیا ہے۔ اس حوالے سے صدر مملکت کو خط کے ذریعے اعتماد میں لیا گیا۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل ہی الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کے 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کردیے تھے۔ اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے 8 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے امن و امان کی صورتحال سازگار نہیں ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے انتخابات کی سکیورٹی کے لیے فوجی دستوں کی فراہمی سے انکار کردیا اور ملک میں معاشی بحران کے باعث وزارت خزانہ نے بھی فنڈز کی فراہمی سے معذوری ظاہر کی۔

پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کیے جانے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ بعد ازاں پی ٹی آئی نے پنجاب الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پنجاب میں الیکشن ملتوی ہونے کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں ہے، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے سے ملک کو بڑے آئینی بحران سے بچا لیا۔

Comments are closed.