انتظار کی گھڑیاں اختتام کے قریب، پی ایس ایل 10 کا کل سے آغاز
فائل:فوٹو
لاہور: شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں اختتام کے قریب ہیں، پی ایس ایل 10 کا کل سے آغاز ہو رہا ہے جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
10 واں ایڈیشن 11 اپریل سے پورے آب و تاب کے ساتھ چمکنے کے لیے تیار ہے، 6 ٹیموں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
ٹیموں میں شامل قومی اور غیر ملکی کھلاڑی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی اہمیت کو تسلیم کرانے کے لیے کوشاں نظر آ رہے ہیں، توقع ہے کہ اس دوران چند نئے ستارے بھی ابھر کر سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب ناقص کارکردگی کی صورت میں شہرت کی بلندیوں پر موجود نامور کھلاڑی قصہ پارینہ بن سکتے ہیں، 11 اپریل کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور 2 مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان پنڈی سٹیڈیم میں افتتاحی معرکے سے دلچسپ مقابلوں کا آغاز ہو جائے گا۔
پاکستان کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں گروپ راوٴنڈ سمیت مجموعی طور پر 34 میچز ہوں گے، ایلیمنیٹر اور فائنل سمیت 13 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
پنڈی سٹیڈیم کوالیفائر سمیت 11 میچز کی میزبانی کرے گا، ملتان اور کراچی میں 5،5 میچز طے ہیں، کراچی کنگز اپنے ابتدائی تمام 5 میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔
ہر ٹیم گروپ مرحلے میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست رہنے کی کوشش کرے گی، بعد ازاں 13 مئی کو پنڈی میں کوالیفائر، 14 مئی کو لاہور میں پہلا ایلیمنیٹر اور 16 مئی کو لاہور ہی میں دوسرا ایلیمنیٹر ہو گا، پھر 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل سے ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ ہو جائے گا۔
پی ایس ایل 10 میں پلیئرز کی ڈرافٹنگ کا مرحلہ بھی بہت شاندار رہا، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ممتاز بیٹر ڈیوڈ وارنر سب سے مہنگے کرکٹر بنے بعد ازاں کراچی کنگز نے ڈیوڈ وارنر کو شان مسعود کی جگہ ٹیم کا کپتان بھی نامزد کر دیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فاتح کپتان سرفراز احمد کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے پہلی مرتبہ ریلیز کیا لیکن بدقسمتی سے کسی بھی ٹیم نے انہیں نہ خریدا، اسی طرح نیوزی لینڈ کے معروف فاسٹ باوٴلر ٹم ساوٴتھی، انگلینڈ کے جیسن روئے، ایلکس ہیلز اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ بھی خریدار کا منہ تکتے رہ گئے۔
بعض معروف عالمی کرکٹرز لیگ کا حصہ نہیں بن سکے، ان میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے مشہور آل راؤنڈر راشد خان بھی شامل ہیں، اب دنیا کی نظریں پی ایس ایل 10 میں شامل معروف کرکٹرز پر ہیں جو اپنی پرفارمنس سے لیگ کو چار چاند لگانے کے لیے تیار ہیں، 2016 میں شروع ہونے والی پی ایس ایل کا سفر انتہائی شاندار انداز میں جاری ہے۔
امید ہے کہ پی ایس ایل 10 میں شائقین کرکٹ کو دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور وہ بہترین کرکٹ سے لطف اندوز ہوں گے، اس سے ملک کو اچھے اور بہترین کھلاڑی بھی مل سکتے ہیں جو مستقبل میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا اثاثہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
گرم موسم میں لیگ کا انعقاد ایک چیلنج کی مانند ہے جبکہ لگاتار تماشائیوں کو میدان میں لانا بھی آسان نہ ہو گا، لیگ کے وسیع ترمفاد کی خاطر متنازع بنانے سے اجتناب کرنے کی بھی ضرورت ہے ورنہ پی ایس ایل کی حیثیت اور وقعت متاثر ہو گی۔
لیگ میں پہلی مرتبہ اردو کمنٹری کا فیصلہ خوش آئند ہے اور یہ کرکٹ کے عام مداحوں کے لیے بہترین تفریح ثابت ہو گی، امید ہے کہ پرامن اور شایان شان انداز میں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد پاکستان میں کرکٹ کو ایک نئی قوت اور توانائی فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔
Comments are closed.