پنجاب اسمبلی کے30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کردیئے گئے

51 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: پنجاب اسمبلی کے30 اپریل کو شیڈول انتخابات ملتوی کردیئے گئے، الیکشن کمیشن نےانتخابات ملتوی کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں اب الیکشن 8 اکتوبر کو ہوں گے،نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ آئی جی پنجاب نے امن وامان کی خراب صورت حال سےآگاہ کیا۔

آئی جی نے دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، پنجاب میں 3 لاکھ 86 ہزار 623 اہلکاروں کی کمی ہے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صرف فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے ہی یہ کمی پوری ہوسکتی ہے، وزارت داخلہ نے کہاکہ سول، آرمڈفورسزاسٹیٹک ڈیوٹی کیلئے دستیاب نہیں ہوں گی۔

وزارت داخلہ کے مطابق فوج سرحدوں، اندرونی سکیورٹی، اہم تنصیبات کے تحفظ، غیرملکیوں کی سکیورٹی پرمامورہے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ سیاسی رہنما دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پرہیں، سیاسی رہنماؤں کو الیکشن مہم میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں وزارت خزانہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیاہے کہ ملک میں مالی معاشی بحران ہے،آئی ایم ایف کی شرائط ہیں، حکومت کے لیے کے پی، پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا۔

وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کے لیے قومی اسمبلی، سندھ، بلوچستان کے انتخابات کیلئے فنڈ جاری کرنا مشکل ہوگا، خراب معاشی صورت حال کے باعث فنڈ فراہمی مشکل ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے زریعے الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کا الیکشن شیڈول واپس لے لیا اور صدر مملکت کو فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے دونوں صوبوں میں انتخابات 90 دنوں میں کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو پنجاب میں الیکشن انتخابات کیلئے 30 اپریل سے 7 مئی تک کی تاریخیں تجویز کی تھیں۔

کے پی میں صدر مملکت نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے 30 اپریل مقرر کی تھی۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے صوبے میں ضمنی انتخابات کے لیے 28 مئی کی تاریخ دے رکھی ہے۔

Comments are closed.