الیکشن کمیشن نے عام انتخابات آئندہ سال کرانے کا اعلان کردیا

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات آئندہ سال کرانے کا اعلان کردیا،الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق عام انتخابات جنوری کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کی جائے گی جبکہ حتمی فہرست30 نومبر کو شائع کی جائےگی۔

اعلامیہ کے مطابق حلقہ بندیوں پر اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد 30 نومبر کو حتمی فہرست دی جائے گی۔ حتمی فہرست کے 54 دن بعد جنوری کے آخری ہفتے میں عام انتخابات کرائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے ملک میں جلد صاف شفاف عام انتخابات کروانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

اس حوالے سے نگراں حکومت کا مؤقف تھا کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور الیکشن کمیشن ہی عام انتخابات کی تاریخ دے گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بار بار آئین کے تحت 90 دن میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کا اعلان اس کے برعکس ہے۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند ہے پیپلز پارٹی کا بھی یہی مطالبہ تھا فیصلے سے غیریقینی کا خاتمہ ہوگا ۔

Comments are closed.