صدر مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کردیا

50 / 100

فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کردیا،ڈاکٹر عارف علوی نے کہا وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے اقدامات سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہوئے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے ان اقدامات کی نشاندہی کردی جن کی وجہ سے حکومت نے دوسری بار بلدیاتی انتخابات کاراستہ روکا،صدر مملکت نے الیکشن شیڈول اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کا طریقہ بدلنے پر بھی اعتراض اٹھایا۔

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 75 کی شق ون بی کے تحت ترمیمی بل بغیر دستخط واپس کیا، بل کے ذریعہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد اس وقت 125کردی گئی جب انتخابی شیڈول کا بھی اعلان ہوچکا تھا۔

وفاقی حکومت نے پہلے پچاس یوسی بڑھا کر جولائی میں انتخابات ملتوی کرائے، اب ایک بار پھر اس وقت انتخابی عمل سے چھیڑا چھاڑی کی جب انتخابی مہم جاری تھی۔

یونین کونسلوں کی حد بندی کے بعد ای سی پی نے31 دسمبر 2022کو اسلام آبادی کی 101 یونین کونسل میں انتخابات کا شیڈول دیا تھا، موجودہ بل کا سیکشن ٹو 125یونین کونسلوں کا ذکر کرتا ہے، اسی وجہ سے بلدیاتی انتخابات پھر ملتوی ہوئے۔

ایوان صدر کے مراسلے میں واضح کیاگیا کہ موجودہ بل کے سیکشن تین کے مطابق انتخابات کے شیڈول کے اعلان کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات کا طریقہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔

Comments are closed.