کیپٹن صفدر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا

لاہور (ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست ضمانت 2 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور ہونے پر عدالت نے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔کیپٹن (ر) صفدر نے درخواست ضمانت کے لیے سیشن عدالت سے رجوع کیا تھا۔

کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے ایڈووکیٹ فرہاد علی شاہ کے توسط سے دائر کی گئی ضمانت کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے فیصلہ سنایا۔

ضمانت کی درخواست پر سماعت میں ملزم کے وکیل نے کہا
‘کیپٹن (ر) صفدر کو نواز شریف کا داماد ہونے کی سزا دی جارہی ہے، عدالت انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے’۔

بعد ازاں کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سے ظفر اقبال گیلانی نے 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرائے جس کے بعد عدالت نے روبکار جاری کر دیا اور انہیں رہا کردیا گیا۔

اس قبل 26 اکتوبر کو لاہور کی مقامی عدالت نے حکومت کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کے کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کو 21 اکتوبر کو اسلام آباد سے لاہور آتے ہوئے پنجاب پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

Comments are closed.