پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہرا کر کلین سوئپ مکمل کر لیا

لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر تین میچوں کی ٹی20 سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو 19 رنز پر عائشہ ظفر اور کپتان بسمہ معروف دونوں پویلین لوٹ چکی تھیں۔

اس کے بعد جویریہ خان اور عمیمہ سہیل میں 67رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

جویریہ نے 48 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عمیمہ نے 31 رنز بنائے لیکن اس کے بعد آنے والی بقیہ بلے باز ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکیں۔پوری ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنا سکی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عام نے 12رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی ویمن ٹیم کی اننگز کا آغاز بھی تباہ کن تھا اور صرف 12 رنز پر اس کے چار مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔

نگار سلطانہ کا ساتھ دینے فرگانہ حق آئیں اور دونوں نے 53رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی لیکن 65 کے مجموعی اسکور پر دونوں یکے بعد دیگرے آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا اور بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 89 رنز بنا سکی۔

پاکستان نے 28رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں بھی 0-3 سے کلین سوئپ کر لیا، پاکستان کی جویریہ خان کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان کی کپتان بسمہ معروف اور بنگلہ دیش کی جہاں آرام کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Comments are closed.