عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی

52 / 100

فائل:فوٹو
اسلام آباد:بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت انتخابات کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔

بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی۔ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے سماعت کی۔

وکیل شعیب شاہین اور فیصل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ میں آپ کے حکم کے مطابق حاضری لگانے آ گیا ہوں، میری درخواست ہے کہ سماعت ملتوی کر دی جائے۔لاء ونگ نے کہا کہ گواہان کے بیانات اور شواہد ریکارڈ ہونے ہیں۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ 8 فروری کے بعد سماعت رکھ لیں، انتخابات تک کمیشن بھی مصروف ہے، تاثر جا رہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک جماعت کے خلاف ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختون خوا نے کہا کہ ہم پارٹی نہیں ہیں۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ مختلف جگہوں پر دفعہ 144 لگا دی ہے، جلسے جلوس نہیں کرنے دیے جا رہے، تحریک انصاف کا انتخابی نشان بھی چھین لیا گیا۔ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے کہا کہ بلّے کے بغیر بھی الیکشن لڑا جا سکتا ہے۔وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ عوام کو یہ بات کیسے سمجھائیں۔

ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے کہا کہ شعیب صاحب آپ کے ہر پوسٹر پر بانی پی ٹی آئی کی تصاویر لگی ہیں، بلّا اہم نہیں، لوگ بانی پی ٹی آئی کو جانتے ہیں۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نگرانی میں دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کو تیار ہیں، نشان لے کر پانچ سال کے لیے پارٹی تحلیل کردی گئی، الیکشن کمیشن گواہوں کے بیانات 15 فروری کے بعد قلم بند کرے۔

ممبر اکرام اللہ خان نے کہا کہ ایک سال سے زائد ہو گیا کیس میں التواء پر التواء ہو رہا ہے۔ بعدازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔

Comments are closed.