سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کے ساتھ رہنے کا قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

51 / 100

فوٹو: فائل

لاہور: وکیل رہنما سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کے ساتھ رہنے کا قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا ،وہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 128 لاہور سے پی ٹی آئی کے امیدوارہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے حلف لیتے ہوئے یہ وضاحت بھی کی کہ الیکشن کمیشن کا یہ کہنا بالکل غلط ہے کہ ہم آزاد ہیں ہم نے کاغذات نامزدگی میں لکھ کر دیا ہوا ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے امید وار ہیں اس لئے آزاد کہنا غلط بیانی ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ سب امیدواروں کو قرآن پاک پرحلف لینا چاہیے، ہم بانی اور پارٹی کے وفادار رہیں گے، ہم کسی لالچ اور کسی خوف میں نہیں آئیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے قرآن پر حلف لیتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں خود قرآن پاک پر حلف لیتا ہوں، منتخب ہونے کے بعد ہم ایوان میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی ہوں گے، منتخب ہونے پر پی ٹی آئی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وفادار رہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کےاندر میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا ممبر رہوں گا اور تصور بھی نہیں کر سکتا کہ میں پی ٹی آئی یا بانی پی ٹی آئی سے غداری کروں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ افواہ پھیلائی جا رہی ہے پی ٹی آئی امیدوار جیت کر دیگرپارٹیوں میں چلے جائیں گے، یہ افواہ ہے اور سراسر غلط بات ہے، جس نے کاغذات نامزدگی میں کہا پی ٹی آئی کا ہے وہ جیت کر بھی وہیں رہےگا۔

لاہور سے پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ میں نے کاغذات نامزدگی میں لکھا ہے میں پی ٹی آئی کا امیدوار ہوں، میں نے پی ٹی آئی کی جانب سے جاری ٹکٹ بھی آر او کو جمع کرایا تو کوئی مجھے کس طرح آزاد کہہ سکتا ہے۔

Comments are closed.