بڑی عید پر بھی ٹرانسپورٹ بند، سیر کیلئے ویکسی نیشن شرط


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا وائرس کو مزید پھیلانے سے بچانے کیلئے حکومت نے عیدالاضحی پر بھی پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے کی تیاری کرلی ، تفریح مقامات بھی صرف ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس دکھانے والے افراد جاسکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عید پر سیاحتی مقامات پر جانے کیلئے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہو گا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان کی طرف سے پابندیوں کے فیصلہ کی عندیہ دیا گیاہے تاہم اگر حکومت نے پابندی لگانا ہوئی تو اس کا باضابطہ اعلان حکومت یا این سی او سی کی طرف سے کیا جائے گا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو کورونا کیسز بڑھ سکتے ہیں، ماسک کے استعمال سے کورونا کی چوتھی لہر سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر اسلام آباد میں مختلف جگہوں پر اسمارٹ لاک ڈاوَن لگایا جا رہا ہے۔ ا

نہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال اور اعدادوشمار پر روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ڈیلٹا وائرس بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور یہ دنیا کے 90 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج سے مدد لینے کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے پاک فوج کی مدد لی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کیسزمیں اب پھر بتدریج اضافہ ہورہا ہے، احتیاط لازمی ہے، عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاک ڈاؤن اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کا استعمال کیا جائے گا،، کورونا ایس اوپیز پر عمل یقینی بنائیں گے۔

معاون خصوصی صحت نے کہاکہ عید پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے، سیاحتی مقامات پر جانے کے خواہشمند افراد کے لیے ویکسین لگوانا لازمی ہوگا، اورعید کی چھٹیوں میں سیاحت وہی کر سکے گا جو ویکسین لگوا چکا ہوگا۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک میں کوروناویکسین کی کوئی کمی نہیں ہے، ویکسین وافر مقدار میں موجود ہیں، 60 لاکھ ویکسین کی خوراکیں چند روز میں آنے والی ہیں، انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کورونا ویکسین لگوانے کو یقینی بنائیں۔

Comments are closed.