پاکستان آئندہ کسی کی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ عمران خان

      راولپنڈی (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ کبھی کسی اور کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا۔

راولپنڈی میں یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مسلح افواج کے دیگر سربراہان بھی تقریب کا حصہ تھے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کرکٹ نہ کھیلتا تو آج ایک ریٹائرڈ فوجی ہوتا۔انہوں نے کہا کہ میرا قوم سے وعدہ ہے کہ پاکستان کبھی کسی کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا اور ہماری خارجہ پالیسی بھی پاکستان کی بہتری کے لیے ہو گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شرکت کے خلاف تھا لیکن جس طرح سے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کیں دنیا میں کسی بھی فوج نے اس طرح کی کامیابیاں حاصل نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ایک ادارہ ہے جو کام کر رہا ہے، فوج ایسا ادارہ ہے جہاں میرٹ کا نظام ہے، ہمیں اپنے ادارے مضبوط کرنے ہیں کیونکہ سیاسی مداخلت سے ادارے تباہ ہو جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا لیکن آج قوم مسائل میں گھری ہوئی ہے اور ملک قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملک اٹھے گا اور ایک عظیم قوم بنے گی، عظیم قوم اس وقت بنے گی جب ایک چھابڑی والا، ایک مزدور، ایک سپاہی اور سب یہ سمجھیں گے کہ میں تو محنت کر رہا ہوں لیکن میرا بچہ جب سرکاری اسکول سے نکلے گا تو وہ ڈاکٹر اور انجینئر بھی بن سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب کمزور طبقہ یہ سمجھے گا کہ انہیں انصاف ملے گا تو قوم اوپر اٹھے گی۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم سب کا ایک ہی مشترکہ مقصد ہے کہ مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب کوئی قوم متحد ہوتی ہے تو اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہے، میرا جینا مرنا اس ملک کے لیے ہے، یہ ملک اوپر جائے گا تو میں اوپر جاؤں گا اور یہ ملک نیچے جائے گا تو میں بھی نیچے جاؤں گا۔

عمران خان نے قوم کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت نے انبیاء کے بعد سب سے زیادہ نعمتیں اور درجہ شہیدوں کو دیا ہے۔شہدا نے ہمیں بچانے کے لیے جانوں کی قر بانیاں دیں۔

Comments are closed.