نمازیوں پر اسرائیلی حملہ انسانیت کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہے، عمران خان

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر اعظم عمران خان نے رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملےانسانیت کے تمام اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی.

ٹوئٹر پر دئیے اپنے ردعمل میں وزیر اعطم عمران خان نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے قبلہ اول مسجد قصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کیا گیا ، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم اعادہ کرتے ہیں ، فلسطینیوں اور ان کے جائز حقوق کے تحفظ کے لئے بین الاقوامی برادری کو لازمی اقدامات اٹھانا چاہئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بھی پاکستان کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا ہے کہ قابض اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصیٰ میں معصوم نمازیوں پر حملہ کیا.

ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ، رمضان المبارک کے دوران ایسا حملہ انسانی اقدار اور حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پر تشدد واقعے میں زخمی فلسطینیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں ، آزاد فلسطینی ریاست کے حصول کے لیے پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا.

پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق 2 ریاستوں کے حل کی ضرورت پر زور دیتا ہے ، عالمی برادری فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدام اٹھائے ، جب کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پوزیشن پر جانا ہوگا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ماہ رمضان کے جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز کی ادائیگی کے لیے ہزاروں فلسطینی مسجد اقصیٰ پر جمع ہوئے اور مسجد کے باہر احاطے میں نماز ادا کی.

اس دوران اسرائیلی فوج نے روایتی جارحیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو مسجد کے اندر داخل ہونے سے روکنے کے لیے نمازیوں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں ، آنسو گیس کی شیلنگ کی اور کریکر پھینکے جس سے 259 سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

Comments are closed.