عمران خان کی آج ہی گرفتاری کا حکم اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی

50 / 100

فوٹو: اسکرین گریب

لاہور : چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی آج ہی گرفتاری کا حکم اسلام آباد پولیس زمان پارک لاہور پہنچ گئی، دوسری طرف کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اپنے قاہد کی رہائش گاہ پہنچ گئی ہے.

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی ٹیم ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں وارنٹ گرفتاری لے کر لاہور زمان پارک پہنچی ہے اور عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کی تیاری کی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کیلئے لاہور پولیس سے معاونت کی درخواست بھی کی گئی۔

عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کی زمان پارک آمد کے موقع پر کارکنان نے پولیس ٹیم کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی.

اسد عمر، شاہ محمود قریشی، فواد چودھری اور حماد اظہر سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت فوری طور پر زمان پارک پہنچ گئی اور کارکنان کو بھی پہنچنے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب ترجمان وفاقی پولیس نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پہنچی ہے، تمام کارروائی لاہور پولیس کے تعاون سے کی جا رہی ہے.

انھوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کی تکمیل میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، پولیس اپنی حفاظت میں عمران خان کو اسلام آباد منتقل کرے گی۔

ایس ایس پی اسلام نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم عمران خان کی رہائش گاہ نوٹس پر دستخط کروانے گئے تھے، گرفتار کرنے نہیں، وہاں پر کارکنوں نے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں، ہم قانونی تقاضے پورے کرنے آئے تھے۔

آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر نے ایس ایس پی اسلام آباد کو عمران خان کی آج ہی گرفتاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عمران خان کے گھر کے اطراف میں موجود ہے، لوگوں کو اکٹھا کرکے تصادم کا امکان بنایا جا رہا ہے۔

عمران خان سے متعلق عدالتی نوٹس وصول کرلیا گیا

عمران خان کے چیف آف سٹاف شبلی فراز نے وارنٹ گرفتاری وصول کرلیا، شبلی فراز نے وارنٹ پر لکھا کہ عمران خان موجود نہیں، وہ قانون کے مطابق تعمیل کریں گے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے 28 فروری کو سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

حکمران اتحاد کے قائدین کا وزیر اعظم ہاؤس میں ایک اجلاس بھی ہفتہ کو ہوا تھا جس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی شریک ہوئے تھے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کی اس بیٹھک میں بھی عمران خان کی گرفتاری کا معاملہ زیر غور آیا تھا.

Comments are closed.