سابق صدر 79 سالہ جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے

53 / 100

دبئی: طویل عرصہ علیل رہنے کے بعد سابق صدر 79 سالہ جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق ہو گئی ہے، پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرعلاج تھے۔

پرویز مشرف کے اہلخانہ نے بھی سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف کے انتقال کی تصدیق کردی ہے، اہلخانہ کے مطابق پرویز مشرف کا آج علی الصبح دبئی میں انتقال ہوا۔

سابق صدر پرویز مشرف کی میت پاکستان لانے سے متعلق فوری کنفرم نہیں ہو سکا ہے، پرویز مشرف 11اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، ان کا انتقال 79 سال کی عمر میں ہوا۔

پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے تھے، 12 اکتوبر 1999 کو وہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہٹا کر چیف ایگزیکٹو بنے اور بعد ازاں اپریل 2002 میں ریفرنڈم کراکے باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے۔

سال 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے پرویز مشرف باوردی صدر منتخب ہوئے، پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہوکر ملک سے باہر چلےگئے تھے.

Comments are closed.