وزیراعظم شہبازشریف سے ترکیہ اور پاکستان ہلال احمر کے وفود کی ملاقات

52 / 100

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے ترکیہ اور پاکستان ہلال احمر کے وفود کی ملاقات، چیئرمین ہلال احمر شاہد لغاری نے وزیراعظم کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہلال احمر کی جانب سے کئے گئےاقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ہر متاثرہ فرد کی بحالی کے لئے ہلال احمر کے عزم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے گا۔

شہبازشریف نے کہا کم وقت میں ہلال احمر نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی تقسیم کر کے انسانیت کا حقیقی ہمدرد ہونے کا ثبوت دیا ہے،دور دراز کے متاثرین تک رسائی یقینی بنا کر مشن کو مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے موقع پرمعاون خصوصی طارق فاطمی،خواجہ احسان،ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی،ترک ریڈ کریسنٹ کے ایڈوائزر برائے صدر طیب اردوان اسماعیل حقی بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے سردار شاہد احمد لغاری کو ہلال احمر کی قیادت سنبھالنے پر مبارک دی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انسانی ہمدردی کا یہ ادارہ صف اول کا ادارہ بنے گا اور متاثرہ لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کی جائے گی۔

ہلال احمر کو سردار شاہد احمد لغاری جیسی قیادت کا میسر آنا خوش آئند ہے۔عالمی اور قومی ذرائع ابلاغ میں ہلال احمر پاکستان کا کردار دیکھتا ہوں۔اس ادارے کو مکمل فعال اور متحرک دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

وزیر اعظم کی موجودگی میں ترکش ریڈ کریسنٹ کے حکام نے ہلال احمر کی تعریف کی۔اس موقع پر سردار شاہد احمد لغاری نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہلال احمر کی جانب سے اقدامات سے متعلق بتایا۔

سردار شاہد لغاری نے کہا ہلال احمر کاہر فرد بشمول انتظامیہ، عملہ اور پانچ سو رضاکار سیلابی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں اور اب تک 266,275 متاثرین کو ہنگامی امداد دی جا چکی ہے۔12,141 خیمے تقسیم کئے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 23ہزار سے زائد متاثریں کو طبّی سہولیات بہم پنچائی گئی ہیں اور آج بھی سات موبائل ہیلتھ یونٹس کے علاوہ 17 مقامات پر میڈیکل کیمپ مکمل فعال ہیں۔

ایک لاکھ اکانوے ہزار سات سو چار(191,704) متاثرین سیلاب میں 10 ہزار سے زائد فوڈ پارسل،97 ہزار سے زائد پکا پکایا کھانا،16 ہزار سے زائد مچھر دانیاں،14 ہزار سے زائد ہائیجین کٹس،54 ہزار سے زائد غیر خوراکی اشیاء (کمبل،جیری کین،تارپولین شیٹس،کچن کا سامان وغیرہ) تقسیم کیا ہے اور یہ سلسلہ ابھی جاری ہے۔

چیئرمین ہلال احمر نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 5ملین لیٹر صاف شفاف اور پینے کے
قابل پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔

سندھ،بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان امدادی سرگرمیوں کے علاوہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس روزانہ کی بنیاد پر فی پلانٹ 80,000 لیٹر صاف پانی مہیا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ہلال احمر کی کاوشوں کی تعریف کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی۔

Comments are closed.