پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافے کا سہراجی ایس پی پلس کے سر ہے،وزیراعظم

45 / 100

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یورپی یونین میں جی ایس پی پلس سے تجارتی حجم بڑھے گا، امید ہے پاکستان اس معاہدے کا 2023 کے بعد بھی حصہ رہے گا۔

پاکستان میں یورپی یونین کی نئی تعینا ت ہونے والی سفیر ڈاکٹر رینا کونیکا نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے تاریخی اور تعاون پر مبنی دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی ضرورت ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان خطے کے لئے اہم ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مشیل اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولاوان ڈیرلیین کے ساتھ اپنی حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہارکیا کہ یورپی یونین کے پارلیمانی وفود کے پاکستان کے آئندہ دوروں کے ساتھ ساتھ اگلے یورپی یونین پاکستان تزویراتی بات چیت کے منصوبے کے تحت سیاسی اور سکیورٹی ڈائیلاگ سے دونوں فریقین کےدوران مزید ٹھوس تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات میں اضافے کا سہرا موجودہ جی ایس پی پلس سکیم کے سر ہے، امید ہے پاکستان 2023 کے بعد بھی اس انتظام کا حصہ رہے گا۔

وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مستحکم کرنے کے لئے مسلسل اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا، رواں سال پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر انہوں نے اس سنگ میل کو دونوں اطراف سے مناسب طریقے سے منانے پر زور دیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان اہم ہے، پاکستان نے گزشتہ سال اگست کی پیشرفت کے بعد افغانستان کے حوالے سے بین الاقوامی برادری کو بے مثال تعاون فراہم کیا ہے۔

ڈاکٹر رینکا کونیکا نے وزیراعظم کی جانب سے خیر مقدم پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی تعیناتی کے دوران دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گی۔

Comments are closed.