ایم کیوایم کے رہنما بابرغوری کو پولیس کی سفارش پر رہا کردیا گیا

52 / 100

کراچی : ایم کیوایم کے رہنما بابرغوری کو پولیس کی سفارش پر رہا کردیا گیا، بابرغوری کو ضمانت پر رہائی ملی ،انھیں عدالت میں پیش کیا گیا۔

بابر غوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام اورتھانہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا میں مقدمہ درج تھا،پولیس نے اپنی رپورٹ میں بابرغوری کو رہا کرنے کی سفارش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان کے خلاف ٹھوس ثبوت نہیں ملے، یہی نہیں بلکہ پولیس نے رپورٹ میں بابرغوری کے بیمار ہونے کے بھی حوالہ دیا اور ان کی متعدد بیماریوں کا ذکر کیا۔

میڈیا سےگفتگومیں تفتیشی افسر محبوب الٰہی نے بابرغوری کورہا ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ ایک سو انہتر کے تحت رہاکیا گیا ہے۔

پولیس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ افسران سے ملزم کو ضابطہ فوجداری کےتحت رہا کرنے کی منظوری لی ہے لہٰذا بابر غوری کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ملزم سے تفتیش کی گئی ہے، ملزم کو متعدد امراض لاحق ہیں، ملزم بابرغوری شوگر، بلڈپریشر، امراض قلب کے مریض ہیں جب کہ ملزم کے گردے کافی کمزورہیں۔

نجی ٹی وی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تفتیشی افسر محبوب الٰہی نے کہا کہ بابرغوری کورہا کردیا ہے، ملزم کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 169 کے تحت رہاکیا گیا۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ پولیس کو اختیار ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 169 کے ملزم کو ضمانت پر رہا کردے، اس حوالے سے عدالت کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے بابر غوری کو بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری پرگرفتارکیا گیا تھا، ملزم کےخلاف 16 جولائی 2015 کو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

Comments are closed.