روپیہ پست ترین اور ڈالر بلند ترین سطح 205روپے 50پیسے تک پہنچ گیا

51 / 100

کراچی( ویب ڈیسک)روپیہ پست ترین اور ڈالر بلند ترین سطح 205روپے 50پیسے تک پہنچ گیا،حکومت مالیاتی بحران اور ڈالر کی قیمت نیچے لانے میں ناکام نظر آرہی ہے۔

پاکستان میں انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے،پیر کو بھی کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور ڈالر 203 روپے 86 پیسے پر بند ہوا۔

آج کاروبار کے آغاز میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا اور انٹربینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوکر 205 روپے 50 پیسے کا ہوگیا، انٹربینک میں کاروبار کے آغاز سے اب تک ڈالر کی قدر میں ایک روپے 24 پیسے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں اضافے کی ایک وجہ بین الاقوامی منڈی میں ڈالر کی قدر میں اضافہ بھی ہے۔

ایک وجہ آئی ایم ایف کے 6 ارب ڈالر کے پیکج کا بحال نہ ہونا اور گرتے ہوئے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر ہیں، جب کہ حکومت اقدامات بھی ناکافی ہونے کی وجہ سے روپے کی قدر کم ہوئی۔
ڈان کی ایک رپورٹ میں کرنسی ڈیلرز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کرنسی ڈیلرزنے شکایت کی ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت میں نئی مخلوط حکومت کو اقتدار میں آئے دو ماہ گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک وہ کہیں سے بھی ڈالر کی آمد کو محفوظ بنانے سے قاصر ہے۔

رپورٹ کے مطابق قیاس آرائی کرنے والی قوتوں کے لیے زر مبادلہ کی شرح میں ہیرا پھیری کے نادر مواقع پیدا ہو گئے ہیں اور ڈالر کی مانگ اب بھی زیادہ ہے لیکن اس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ جائز نہیں ہے۔

دوسری طرف بینکرز کا خیال ہے کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کے کمزور ہونا بھی بڑی اہم وجہ ہے، بڑھتی ہوئی درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ کے بڑے خسارے کی وجہ سے روپیہ دباؤ میں ہے۔

اپریل میں نئی حکومت آنے کے بعد سے پیر (13 جون) تک ڈالر کی قیمت میں 21 روپے کا اضافہ ہوا اور اگر موجودہ رجحانات جاری رہے تو ممکنہ طور پر اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ نے مقامی کرنسی کو بچانے کے لیے بجٹ میں کوئی حکمت عملی لانے میں ناکام رہے ہیں، ڈالر کی قدر میں اضافے نے نا صرف درآمدی اشیا اور خدمات کی قیمتیں مہنگی کردی ہیں بلکہ معیشت میں افراط زر بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق امریکی ڈالر گزشتہ روز 203.90 روپے پر بند ہونے کے بعد صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب 1.70 اضافے کے بعد 205.50 روپے تک پہنچ گیا۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز کا ریٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے تھوڑا سا مختلف ہے جس نے گزشتہ روز ڈالر کے مقابلے میں رقپے کی قدر 203.86روپے ظاہر کی تھی۔

Comments are closed.